بجلی صارفین کیلئے اچھی خبر، قیمتوں میں کمی کا امکان‎

اسلام آباد(پی این آئی)سینٹرل پرچیزنگ پاور ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیشنل الیکٹرک ریگیولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے دسمبر کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت فی یونٹ کمی کی درخواست دائر کردی۔

سینٹرل پرچیزنگ پاور ایجنسی کی جانب سے نیپرا میں دائر درخواست کے بعد ایک ماہ کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ایک روپے 3 پیسے کمی کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔نیپرا میں سینٹرل پرچیزنگ پاور ایجنسی نے درخواست دسمبر کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی ہے، جس پر نیپرا میں 30 جنوری کو سماعت ہوگی۔

درخواست میں کہا گیا کہ دسمبر میں ڈسکوز کو 7 ارب 51 کروڑ 60 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی اور فی یونٹ بجلی کی فیول لاگت 9 روپے 60 پیسے رہی جبکہ لاگت کا تخمینہ 10 روپے 63 پیسے فی یونٹ تھا۔مزید کہا گیا کہ ایک ماہ میں پانی سے 22.80 فیصد بجلی کی پیداوار رہی، دسمبر میں مقامی کوئلے سے 10.06 فیصد بجلی، درآمدی کوئلے سے 1.59 فیصد، فرنس آئل سے 0.03 فیصد پیداوار رہی ہے۔نیپرا میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ مقامی گیس سے 12.31، ایل این جی سے 20.70 فیصد نیو کلیئر ذرائع سے 26.48 فیصد بجلی کی پیداوار رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close