وزیراعلیٰ پنجاب کسان پیکج کے تحت صوبہ پنجاب میں بجلی و ڈیزل سے چلنے والے ٹیوب ویل کو سولر انرجی پر منتقلی کے منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
صوبائی محکمہ زراعت کے ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کسان پیکج کے تحت اس اقدام سے ایندھن یا توانائی کے دیگر ذرائع پر چلنے والے 8000 ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی میں تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔اس اقدام کے لیے 9 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے لیے درخواست دہندہ کے نام زمین کی رجسٹری ہونا لازمی ہے۔ترجمان محکمہ زراعت نے نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد کسانوں کی معاشی لاگت کو کم کرنا اور توانائی کے بحران کو کم کرنا ہے۔
مزید برآں، درخواست دہندگان کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ ٹیوب ویلوں کے لیے اپنی درخواستیں جمع کرائیں، اس منصوبے کے تحت 30 اکتوبر 2024 سے قبل تنصیب شدہ بجلی و ڈیزل سے چلنے والے ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کیا جائے گا۔ خواہشمند کاشتکار31 دسمبر 2024 تک اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سولرائزیشن آف ٹیوب ویل پروگرام کے تحت پنجاب حکومت ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن کے لیے تین مختلف پاور کٹس پر سبسڈی فراہم کرے گی۔ جن میں 10 کلو واٹ پر 5 لاکھ روپے، 15 کلو واٹ پر 7.5 لاکھ روپے اور 20 کلو واٹ پر 10 لاکھ روپے کی سبسڈی شامل ہے۔
باقی اخراجات پورے کرنے کے ذمہ دار کسان ہوں گے۔اس منصوبے سے توانائی کے شعبے پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرنے اور ماحولیاتی تحفظ کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر کام کرنے کی امید ہے۔دلچسپی رکھنے والے کسان مزید معلومات کے لیے ایگریکلچر ہیلپ لائن 0800-17000 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں