اسلام آباد(پی این آئی)وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آؤٹ لک جاری کردی۔
وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ درآمدات، بیرونی سرمایہ کاری، زرمبادلہ ذخائر اور روپے کی قدر میں بھی اضافہ ہوا۔وزارت خزانہ نے بتایاکہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال ترسیلات زر میں 33.6 فیصد کا اضافہ ہوا اور پانچ ماہ میں ترسیلات زر 14.77 ارب ڈالر رہیں۔وزارت خزانہ کے مطابق جولائی تا نومبر برآمدات 7.4 فیصد اور درآمدات 8.3 فیصد بڑھیں، کُل بیرونی سرمایہ کاری میں 42.2 فیصد کا اضافہ ہوا۔
مرکزی بینک کے مالی ذخائر 7.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 11.85 ڈالر تک پہنچ گئے اور چار ماہ میں ایف بی آر محصولات میں 23.2 فیصد کا اضافہ ہوا، نان ٹیکس آمدنی میں 101.3 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔وزارت خزانہ نے بتایاکہ چار ماہ میں مالی خسارہ 495 ارب روپے سرپلس رہا، زرعی شعبے کو قرضوں میں 8.5 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جولائی تا نومبر افراط زر کی شرح 29.2 فیصد سے کم ہوکر 4.9 فیصد پر آگئی، بڑی صنعتوں کی پیداوار میں پانچ ماہ میں 0.02 فیصد کا اضافہ ہوا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں