اسلام آباد (پی این آئی) ملک میں ٹیکسز بڑھنے آئی ایم ایف کی شرائط کے باعث عوام پر مہنگائی کے شدید اثرات پڑے ہیں، جس کے باعث سالانہ بنیادوں پر شرح 4.64 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ہفتہ وار بنیادوں پر 15 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے، جس کے تحت ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.38 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔رواں ہفتے 13 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 23 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ ادارہ شماریا ت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے دوران ٹماٹر 56.66 فیصد، لہسن 1.40فیصد، 2.5 کلو گھی کاٹن 0.95 فیصد اور 5 لیٹر کوکنگ آئل 0.79 فیصد جبکہ چینی 0.23 فیصد مزید مہنگے ہوگئے۔
حالیہ ہفتے میں پیاز 4.16 فیصد، آلو 3.83 فیصد، انڈے 2.72 فیصد، دال چنا 0.98 فیصد، آٹا 0.76 فیصد اور کیلوں کی قیمتوں میں 0.56 فیصد کمی ہوئی۔چند روز قبل ایک رپورٹ کے مطابق ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان میں مہنگائی کی شرح ساڑھے 6 سال کی کم ترین سطح پر واپس آگئی ہے۔ معاشی حالات میں بہتری کے ساتھ مہنگائی کی شرح مسلسل کم ہوتی جارہی ہے، رواں سال پہلے 5 ماہ میں مہنگائی کی اوسط شرح 28.62 فیصد سے کم ہو کر 7.88 فیصد پر آگئی ہے، جبکہ نومبر 2024 میں شرح کم ہوکر4.9 فیصد پر آگئی۔ دوسری جانب پاکستان کی انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں