اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان ماجی ترقی اور تحفظ کیلئے 33 کروڑ ڈالر کے قرض پروگرام کا معاہدہ طے پاگیا ہے، یہ رقم بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے استعمال کی جائے گی۔
معاہدے پر پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن کاظم نیاز اور اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر ایمافین نے دستخط کیے۔اعلامیہ کے مطابق قرض انٹیگریٹڈ سوشل پروٹیکشن ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت دیا گیا ہے، قرض کا مقصد غریب اور کمزور گھرانوں کی مدد کرنا ہے۔ دوسری جانب وزارت اقتصادی امور کے مطابق عالمی بینک قرض پروگرام منسوخی کے حوالے سے ایک اردو اخبار میں شائع ہونے والی خبر بے بنیاد ہے، اس خبر میں جس 50 کروڑ ڈالر قرض پروگرام کی منسوخی کا حوالہ دیا گیا ہے، اس پروگرام کا سرے سے کوئی وجود ہی نہیں ہے۔
نہ کبھی عالمی بینک کے بورڈ نے آس کی منظوری دی اور نہ ہی حکومت نے اس پر دستخط کیے ہیں علاوہ ازیں، یہ خبر وزارت توانائی اور وزارت اقتصادی امور کا نقطہ نظر تلاش کیے بغیر شائع کی گئی ہے۔ ورلڈ بینک پاکستان کا سب سے بڑا کثیر جہتی ترقیاتی شراکت دار ہے، اسوقت پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان 15.33 ارب ڈالر کے 53 منصوبوں پر کام جاری ہے۔ 1950 سے لے کر اب تک، ورلڈ بینک نے پاکستان کو 46 ارب امریکی ڈالر سے زائد مالی امداد فراہم کی ہے، ورلڈ بینک پاکستان کی معاونت مختلف مالی امدادی طریقوں کے ذریعے کرتا ہے جن میں سرمایہ کاری منصوبہ مالی امداد (آئی پی ایف)، نتائج کے پروگرام (پی ایف آر)، اور ترقیاتی پالیسی مالی امداد (ڈی ایف پی) شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں