اسلام آباد (پی این آئی) پاور ڈویژن نے مزید 6 انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسر (آئی پی پیز) سے معاہدے ختم کرنے کی خبروں کی تردید کردی۔
پاور ڈویژن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ حکومت کی جانب سے مزید 6 آئی پی پیز سے معاہدے ختم کرنےکی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔پاور ڈویژن کا کہنا ہےکہ مستقبل میں ایسی پیشرفت ہوتی ہے تو حکومت پاکستان مصدقہ ذرائع سے عوام تک پہنچائےگی۔اس سے قبل ذرائع سے خبر سامنے آئی تھی کہ وفاقی حکومت نے مزید 6 آئی پی پیز سے بجلی خریداری کے معاہدے ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور ان معاہدوں کے خاتمے سے مزید 300 ارب روپے کی بچت کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ 2396 میگاواٹ کے 6 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کیے جائیں گے اور مزید آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کرنے سے بجلی ٹیرف میں کمی ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت اب تک 13 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کرچکی ہے، ان میں بگاس سے چلنے والے 8 نجی بجلی گھروں کے ساتھ معاہدوں کی منظوری شامل ہے۔خیال رہے کہ وزیراعظم نے آئی پی پیز سے مذاکرات کے لیے ٹاسک فورس قائم کر رکھی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں