لاہور ( پی این آئی) پٹرول مزید مہنگا ہونے کا امکان، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کی وجہ سے پاکستان میں بھی 16 دسمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کا امکان۔
تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق برینٹ کروڈ فیوچر 14 سینٹ اضافے کے ساتھ 73.66 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی فیوچر قیمت 6 سینٹ بڑھ کر 70.35 ڈالر ہوگئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی کے زیراثر ملک میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے کیونکہ 10 روز میں عالمی منڈی میں امریکی خام تیل کی قیمت میں 63 سینٹ کا اضافہ دیکھا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اگلے 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 0.81 روپے فی لیٹر اضافہ جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3.94 روپے فی لیٹر کمی کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 30 نومبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔ وفاقی وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 72 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 29 پیسے اضافہ کیا گیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں