لاہور (پی این آئی) کھلے دودھ کی قیمت میں یکدم بڑا اضافہ کر دیا گیا، دودھ اور دہی کی قیمتوں میں 20 سے 30 روپے کا من مانا اضافہ کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں دودھ اور دہی کی قیمتوں میں یکدم بڑا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ لاہور میں دودھ کی قیمت میں 20 روپے تک اضافہ کر دیا گیا ، فی لیٹر دودھ 180 روپے سے بڑھ کر 200 روپے جبکہ دہی کی قیمت 200 سے بڑھ کر 220 سے 230 روپے فی کلو کردی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں دودھ اور دہی کی قیمتوں میں 20 سے 30 روپے کا من مانا اضافہ کیا گیا ہے۔ قیمتوں میں اضافہ پردودھ فروشوں کا کہنا ہے کہ لاگت بڑھ گئی ہے اس لیے دودھ اور دہی کی قیمتیں بڑھانا مجبوری ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ نے عوام کیلئے مہنگائی کم نہ ہونے کا اعتراف کر لیا۔
ہفتے کو اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پرائس کنٹرول کمیٹیوں اور مڈل مین کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں دالوں، اجناس، پولٹری اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے لیکن مقامی مارکیٹ میں ان اشیاء کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں ہورہی ہے۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ اگلے ماہ ای سی سی میں مہنگائی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوگا، قیمتوں میں کمی سے متعلق اب حکومت سخت فیصلے کرے گی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس نہیں لگایا جارہا ہے، دھرنوں اور اسلام آباد پر چڑھائی سے ملک کو یومیہ 190ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ادارے بھی یومیہ 2ارب 20کروڑ روپے کا نقصان پہنچارہے ہیں جو گزشتہ 10سال میں 6ہزار ارب روپے کا نقصان پہنچا چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں