وزیر توانائی نے بجلی کی قیمتوں سے متعلق اہم خبر دید ی

اسلام آباد: وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

وزیر توانائی اویس لغاری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے کیے وعدے پورے کررہے ہیں، بجلی کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دے رہے ہیں، وزیراعظم نے گزشتہ روز بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ بجلی کا سہولت پیکیج گھریلو اور صنعتی صارفین سب کے لیے ہے، ملک میں معاشی سرگرمیوں کا فروغ ترجیح ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ بجلی سستی ہونے سے صنعتوں کی پیداوار بڑھے گی، حکومت اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کررہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ این ٹی ڈی سی کو تین کمپنیوں میں تقسیم کررہے ہیں، این ٹی ڈی سی کی وجہ سے ترسیلی نظام درست نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے نئے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا، بجلی کی خریدو فروخت کا باضابطہ لائحہ عمل بنایا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز کہا تھا کہ حکومت نے سردیوں کے 3ماہ بجلی کے نرخ کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دسمبر، جنوری اور فروری میں بجلی کے نرخ میں خاطرخواہ کمی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی سہولت پیکج کا اطلاق گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین پر ہو گا گھریلو صارفین کیلئے اضافی بجلی پر 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ فلیٹ ریٹ ہو گا، بجلی صارفین کو 34 سے 47 فیصد تک بچت ہوگی، کمرشل صارفین کو 22 روپے 71 پیسے تک فی یونٹ ریلیف دیا جائےگا، صنعتی صارفین کو15روپے5پیسےتک فی یونٹ ریلیف دیا جائےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی سہولت پیکج سے صنعتوں کا پہیہ چلے گا اور روزگار ملے گا بجلی کی قیمت میں کمی سے صنعتی اورمعاشی سرمیاں تیزہوں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں