مہنگائی سے ستائی عوام پر ایک نیا بجلی بم گرانے کی تیاری

اسلام آباد ( پی این آئی) عوام پر ایک اور بجلی بم گرانے کی تیاریاں۔ تفصیلات کے مطابق مہنگائی کے ساتے عوام پر ایک اور بجلی بم گرانے کی تیاری، بجلی کی قیمتوں میں 70 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق سی پی پی اے نے قیمتوں میں اضافے کی درخواست جمع کرادی، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ستمبر کی ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے۔نیپرا 30 اکتوبر کو سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت کرے گی، ستمبر میں سب سے مہنگی بجلی فرنس آئل سے 30 روپے 29 پیسے فی یونٹ میں پیدا کی گئی۔ دوسری جانب وفاقی حکومت نے ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں سے اس پر دی جانے والی سبسڈی واپس لے لی۔ اکتوبر سے اس زمرے میں آنے والے صارفین 9 سے 29 روپے فی یونٹ ادا کریں گے کیونکہ انہیں بلوں میں مزید ریلیف فراہم نہیں کیا جائے گا۔

50 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین سے 9.39 روپے جبکہ 51 سے 100 یونٹ استعمال کرنے والوں سے 13.64 روپے فی یونٹ چارج لیا جائے گا۔ ماہانہ 101 سے 200 یونٹ استعمال کرنے والوں کیلیے بجلی کا فی یونٹ 29 روپے 21 پیسے ہوگا۔ سبسڈی ختم ہونے سے پروٹیکٹڈ صارفین پر اضافی بوجھ پڑے گا۔ دریں اثنا، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے مقررہ تاریخ کے بعد ادا کیے جانے والے بجلی کے بلوں کیلیے نئی سرچارج پالیسی کا اعلان کردیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close