ایلون مسک نے روزانہ 10لاکھ ڈالرز دینے کا اعلان کر دیا ، کون کون اہل ؟ جانیں

دنیا کے امیر ترین ارب پتی شخص ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال نومبر میں ہونے والے انتخابات تک جو کوئی بھی امریکی آئین کی حمایت کی حامل ان کی آئینی پٹیشن پر دستخط کرے گا اسے وہ روزانہ 10لاکھ(ایک ملین) امریکی ڈالر دیں گے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ایونٹ کی انتظامیہ نے بتایا کہ پنسلوانیا میں منعقدہ پروگرام میں شریک ایک شخص کو مسک نے ایک ملین ڈالر کا چیک دینے میں بالکل وقت ضائع نہیں کیا اور اس خوش قسمت شخص کا نام جان ڈریہر ہے۔

اس ایونٹ کا مقصد ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے حمایت حاصل کرنا ہے۔ٹیسلا کے بانی نے جان ڈریہر کو چیک دیتے ہوئے کہا کہ ویسے، جان کو کوئی اندازہ نہیں تھا، چلیں بہرحال ہم آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

ٹرمپ اور ان کی ڈیموکریٹک حریف کاملا ہیرس کے درمیان جاری سخت انتخابی دوڑ میں ایلون مسک اپنی دولت کا بے دریغ استعمال کررہے ہیں جہاں کچھ حلقوں کی جانب سے ان پر دولت کے ذریعے انتخابات پر اثرانداز ہونے کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔

ایلون مسک نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کے لیے امریکا پی اے سی کے نام سے ایک سیاسی ایکشن تنظیم کی بنیاد رکھی ہے جہاں یہ تنظیم ریاستوں میں ووٹرز کو متحرک اور رجسٹر کرنے میں مدد کر رہی ہے، لیکن ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ اس تنظیم کو اپنے اہداف کو پورا کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔

پنسلوانیا میں ہیرسبرگ ایونٹ لگاتار تیسرے دن اس طرح ہونے والا ایک ایونٹ ہے جہاں ایلون مسک ٹرمپ کے حامیوں کو جلد ووٹ ڈالنے اور دوسروں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دینے پر زور دیا۔

انہوں نے ہفتے کے روز کہا کہ اگر کاملا ہیرس جیت جاتی ہیں، تو یہ آخری الیکشن ہوں گے اور امریکا کا وجود نہیں رہے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹرمپ کے خلاف قتل کی دو کوششیں یہ ثابت کرتی ہیں کہ وہ کچھ لوگوں کو ناراض کررہے ہیں اور جمود کو توڑنے کی کوشش کررہے ہیں جو کاملا ہیرس نہیں کر سکیں گی، کہ اسی لیے کوئی بھی کاملا کو مارنے کی کوشش نہیں کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی کو قتل کرنا فضول ہے۔

جس پٹیشن پر ایلون مسک لوگوں کو دستخط کرنے کا کہہ رہے ہیں اس میں لکھا ہے کہ پہلی اور دوسری ترمیم آزادی اظہار اور ہتھیار اٹھانے کے حق کی ضمانت دیتی ہے، ذیل میں دستخط کرکے میں پہلی اور دوسری ترمیم کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتا ہوں۔

ہفتہ کے پروگرام کے شرکا کے اس پٹیشن پر دستخط کی بدولت سے امریکا کی پی اے سی کو مزید ممکنہ ووٹروں سے رابطے کی تفصیلات حاصل ہو جائیں گی جو ٹرمپ کے لیے انتخابات میں کارگر ثابت ہو سکتی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ایلون اب تک امریکا کی پی اے سی کو کم از کم ساڑھے 7 کروڑ ڈالر فراہم کرچکے ہیں اور ٹرمپ کی دوبارہ وائٹ ہاؤس تک رسائی کے لیے کوشاں ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close