اسلام آباد(پی این آئی)ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مساتسوگواساکاوا کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ اے ڈی بی پاکستان کو ترقی، موسمیاتی تبدیلی اور ادارہ جاتی اصلاحات کیلئے سالانہ دو ارب ڈالر سے زائد مدد فراہم کرے گا۔
اے ڈی بی کے جاری اعلامیے کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر نے دورہ پاکستان مکمل ہونے پر پاکستان کے ساتھ شراکت داری جاری رکھنےکے عزم کا اعادہ کیا۔ اے ڈی بی کے صدر نے اپنے دورے میں صدرمملکت اوروزیراعظم سمیت حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں، جن میں اقتصادی بحالی، معاشی اصلاحات اور موسمیاتی لچک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اے ڈی بی سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے سندھ ایمرجنسی ہاؤسنگ تعمیرنوپراجیکٹ کیلئے 40 کروڑ ڈالرفراہم کرے گا۔ خیبرپختونخوا کی 900 کلو میٹر طویل دیہی سڑکوں کی ترقی کے منصوبے کیلئے 32 کروڑ ڈالر دیئے جائیں گے۔ اعلامیے کے مطابق صدر اے ڈی بی نے ٹیکسلا کے قریب بینظیرانکم سپورٹ پروگرام سنٹرکا دورہ بھی کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں