کراچی(پی این آئی)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے بینک نوٹوں کی سیریز سے متعلق اہم وضاحت جاری کر دی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنوری میں شروع کیے گئے آرٹ مقابلے کے ڈیزائن ماہرین نے فنی، معیاری، ثقافتی، مذہبی تنوع کی بنیاد پر پرکھ کر کامیاب قرار دیے ہیں جن کا اعلان 5 ستمبر کو کیا گیا تھا۔اعلامیے کے مطابق مقابلے کا مقصد فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا، کامیاب قرار پائے فن پارے نئے بینک نوٹ سیریز کے حتمی ڈیزائن نہیں ہیں۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی کمپنیاں نئے بینک نوٹوں کے ڈیزائن رواں سال دسمبر تک پیش کریں گی جنہیں اسٹیٹ بینک بورڈ کی منظوری کے بعد آئندہ سال جنوری تک حکومت کی حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد نئے بینک نوٹوں کی نئی سیریز کی چھپائی کا عمل شروع ہوگا۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے کروائے گئے مقابلے کے نتائج جاری کیے تھے۔اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ کل 9 ڈیزائنرز کے جانب سے بھیجے گئے 10 ڈیزائنز کو شارٹ لسٹ کیا گیا اور جن افراد کے ڈیزائن شارٹ لسٹ ہوئے ہیں انہیں انعامات دیے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں