اسلام آباد (پی این آئی)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے مالی سال 24-2023 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی۔
نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 75 پیسے اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے۔نیپرا اتھارٹی نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ستمبر،اکتوبر اور نومبر کے بلوں میں وصول کی جائے گی،سال24-2023 کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ 0.93 روپے فی یونٹ اگست میں ختم ہوجائے گی۔
نیپرا نے کہا ہے کہ ستمبر کے بلوں میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 0.82 روپے کا اضافہ ہوگا۔دوسری جانب جولائی کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 37 پیسے فی یونٹ کمی کی بھی منظوری دی گئی ہے۔نیپرا کاکہنا ہے کہ بجلی کی قیمت میں 37 پیسے فی یونٹ کمی کا ریلیف ستمبر کے بلوں میں دیا جائے گا،جون کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ 2 روپے 56 پیسے اضافے کے ساتھ اگست کے بلوں میں وصول کی گئی۔نیپرا نے کہا کہ ستمبرکے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں2 روپے93 پیسے کی کمی ہوگی، دونوں ایڈجسٹمنٹ ملا کر صارفین کو ستمبر کے بلوں میں 2 روپے 11 پیسے فی یونٹ ریلیف ملے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں