مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے اچھی خبر

کراچی (پی این آئی) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ اگست میں مہنگائی کی شرح 9.64 فیصد کے ساتھ 34ماہ کی کم ترین سطح تک گئی ہے، ٹی بلز میں سرمایہ کاروں کی ایک سالہ مدت نیلامی میں بھی دلچسپی بڑھی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کا اعلان 12ستمبر کو ہوگا ، اگست میں مہنگائی کی شرح 34 ماہ کی کم ترین سطح تک گئی، اگست میں مہنگائی کی شرح 9.64 فیصد رہی، اگست 2023 میں مہنگائی کی شرح 27.38 فیصد تھی۔ٹریژری بلز میں سرمایہ کاروں کی ایک سالہ مدت نیلامی میں بڑی دلچسپی رہی، نیلامی میں 700 ارب ہدف سے زائد 835 ارب کے بلز فروخت ہوئے۔ 3 ماہ مدت کے ٹی بلز کی کٹ آف ایلڈ 1بیس پوائنٹ کم ہوکر 17.47 فیصد رہی۔6 اور 12ماہ مدت کے ٹی بلز کی کٹ آف ایلڈ برقرار رہی، 6 ماہ مدت کے ٹی بلز کی کٹ آف ایلڈ 17.73 فیصد پر آگئی ہے۔ مزید برآں پاکستان کی انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جمعرات کو انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قیمت میں 09 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 278 روپے 67 پیسے ہو گئی ہے۔ انٹر بینک مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 74 روپے 23 پیسے جبکہ بحرینی دینار کی قدر 739 روپے 28 پیسے رہی۔اسی طرح عمانی ریال کی انٹر بینک مارکیٹ میں قدر 724 روپے 77 پیسے رہی، کویتی دینار کی 912 روپے 52 پیسے اور قطری ریال کی قیمت 76 روپے 45 پیسے ریکارڈ کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں