پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر کتنی کمی کا امکان ہے؟ خوشخبری سنا دی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں سے متعلق ورکنگ مکمل کرلی گئی، فی لٹر قیمتوں میں 6 روپے کمی کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا اور آئل مارکیٹ کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے حوالے سے ورکنگ مکمل کرلی گئی ہے، جس کے تحت یکم ستمبر سے پٹرول 5 روپے فی لٹر اور ڈیزل کے نرخ 6 روپے فی لٹر سستا ہو سکتا ہے۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کے نرخوں میں کمی کا اثر پٹرولیم مصنوعات پر آئے گا، عالمی سطح پر خام تیل کی قیمت 79 بیرل تک آچکی ہے، 30 اگست تک عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں کا جائزہ لیا جائے گا اور 31 اگست کو پٹرولیم مصنوعات سے متعلق حتمی سمری بھجوائی جائے گی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کریں گے۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں اس وقت ایکس ڈپو پٹرول کی قیمت فی لٹر 260 روپے 96 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 266 روپے 7 پیسے فی لٹر ہے، 14 اگست کو اپنے آخری جائزے میں حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 8 روپے 47 پیسے اور 6 روپے 70 پیسے فی لٹر کمی کی تھی، جس کے بعد یوں پٹرول کی نئی فی لٹر قیمت 260 روپے 96 پیسے جب کہ ڈیزل کی نئی قیمت 266 روپے 7 پیسے ہو گئی، قیمتوں میں کمی عالمی سطح پر خام تیل سستا ہونے سے ممکن ہوئی۔

اس سے پہلے 31جولائی کو بھی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا، پٹرول کی قیمت میں 6 روپے 17 پیسے فی لٹر جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 86 پیسے کی کمی کی گئی تھی، اس کے علاوہ مٹی کے تیل اور لائٹ سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی کمی کی گئی تھی، مٹی کا تیل 6 روپے 32 پیسے کمی کے ساتھ 177 روپے 39 پیسے جب کہ لائٹ سپیڈ ڈیزل 5 روپے 72 پیسے کمی کے ساتھ 160 روپے 53 پیسے فی لٹر ہوگیاتھا،وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close