لاہور (پی این آئی) مرغی کی قیمت 700 روپے سے اوپر چلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، بلوچستان اور سندھ میں مرغی کے گوشت کی قیمت مکمل طور پر بے قابو ہو گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت 740 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ سندھ اور بلوچستان میں بھی مرغی کا گوشت 700 روپے سے زائد قیمت پر فروخت ہو رہا ہے۔دوسری جانب لاہور میں انڈوں کی قیمت مزید بڑھ گئی، فارمی انڈے 276 روپے درجن ہو گئے۔ انڈوں کی قیمت میں 2 روپے فی درجن اضافہ ہو گیا ہے، گزشتہ روز فارمی انڈے 274 روپے فی درجن تھے۔ سرکاری نرخ نامے کے مطابق مرغی کی قیمت 594 روپے کی سطح پر برقرار ہے۔ زندہ برائلرمرغی کا تھوک ریٹ 396 اور پرچون ریٹ 410 روپے کلو ہے۔
تاہم لاہور میں مارکیٹوں میں مرغی کا گوشت 640 روپے تک کی قیمت میں دستیاب ہے۔واضح رہے کہ محرم الحرام کے آغاز پر پنجاب سمیت ملک بھر میں مرغی کے گوشت کی قیمت بے قابو ہو گئی تھی۔ پنجاب میں مرغی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہونے پر وزیر اعلٰی مریم نواز نے حکم دیا تھا کہ مرغی کے گوشت کی قیمت کم کروائی جائے۔ صوبائی وزراء کی جانب سے دعوٰی کیا گیا تھا کہ مرغی کی قیمت جلد کم ہو جائے گی۔ تاہم اب ایک ماہ گزرنے کے باوجود پنجاب میں مرغی سستی نہیں ہو سکی۔ یاد رہے کہ صوبے میں مرغی کی قیمت کروانے کیلئے صوبائی حکومت نے پنجاب نے دیگر صوبوں میں مرغی لے جانے پر پابندی عائد کر دی تھی۔
25 جولائی کو عائد کی جانے والی پابندی کی وجہ سے صوبے میں مرغی سستی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔ تاہم صوبائی حکومت کے بلند و بانگ دعووں کے باوجود مرغی سستی ہونے کے بجائے مزید مہنگی ہو گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں