گزشتہ 2 سالوں میں ملکی قرضوں میں ہوشربا اضافے کا انکشاف

لاہور (پی این آئی) صرف 2 سالوں میں ملکی قرضوں میں ہوشربا 22 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہو جانے کا انکشاف۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے قرضوں کے حجم میں خوفناک اضافہ ہونے سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔ انگریزی اخبار ایکسریس ٹریبون کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 2 مالی سالوں کے دوران قرضوں میں اضافے کی رفتار کے تمام ریکارڈ ٹوٹ جانے کے باعث ملک کا مجموعی قرضہ تشویش ناک 74 ہزار ارب روپے کی سطح سے بھی اوپر چلا گیا۔صرف گزشتہ 2 سالوں میں اقتدار میں رہنے والی حکومتوں نے ملکی قرضوں کے مجموعی حجم میں 22 ہزار ارب روپے سے زائد کا اضافہ کیا۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ سامنے آنے والی ایک رپورٹ میں شہباز شریف حکومت کی جانب سے یومیہ تقریباً 72 ارب روپے کا قرضہ لیے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔

انکشاف کیا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی اتحادی وفاقی حکومت ہر گزرتے دن کے ساتھ قرضوں میں اضافے کا نیا ریکارڈ قائم کرنے لگی، شہباز شریف کی وفاقی حکومت کے ابتدائی 3 ماہ میں نگران حکومت کے آخری 3 ماہ کے مقابلے میں قرضوں میں 113 فیصد اضافہ ہوا ۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے محصولات میں 30 فیصد اضافے کے باوجود مالی سال 2023-2024 کے آخری 45 دنوں (15مئی سے 28 جون)کے دوران شیڈول بینکوں سے 3231 ارب روپے(32کھرب روپے)قرض لیا۔ گزشتہ ماہ جاری کیے گئے اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے اس عرصے کے دوران یومیہ 71.8 ارب روپے کا قرضہ لے لیا، جو حکومت کے بڑے پیمانے پر اخراجات کی عکاسی کرتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close