سوزوکی موٹر ز نے ’آلٹو‘ خریدنے کے خواہشمندوں کو بڑی خوشخبری سنا دی

ٹوکیو(پی این آئی) سوزوکی موٹر کارپوریشن جاپان نے اپنی گاڑیوں، بالخصوص ’آلٹو‘ کو مزید کم وزن اور سستا بنانے کا ارادہ کر لیا ۔

نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق سوزوکی جاپان کی طرف سے کہا گیا ہے کہ وہ کئی مارکیٹس میں الیکٹرک ماڈلز سمیت اپنی گاڑیوں کے باڈی سٹرکچر کو کم وزن بنانا چاہتی ہے اور ان میں چھوٹی بیٹریاں استعمال کرنا چاہتی ہے۔سوزوکی کمپنی کی کوشش ہے کہ اپنی گاڑیوں میں توانائی کے استعمال کو کم سے کم رکھتے ہوئے اپنی ’ہیئرٹیکٹ‘ (HEARTECT)لائٹ ویٹ اور سیف باڈی ٹیکنالوجی کو جدید تر بنائے۔ چنانچہ کمپنی اپنی گاڑیوں کے وزن میں مزید کمی لانے جا رہی ہے تاکہ گاڑیاں کم توانائی میں زیادہ فاصلہ طے کریں ۔

اس منصوبے پر عمل کرتے ہوئے کمپنی سب سے پہلے اپنی آلٹو کار کے وزن میں آئندہ 10سالوں کے دوران 15فیصد کمی لائے گی۔ اس گاڑی کا موجودہ وزن 680کلوگرام ہے اور کمپنی کا ہدف ہے کہ اس میں 100کلوگرام کمی لائی جائے۔وزن کم کرنے کے لیے گاڑی میں چھوٹی موٹریں اور بیٹریاں لگائی جائیں گی، جس سے اس کی قیمت میں بھی کمی آنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں