بجلی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ، پاکستان مہنگی ترین بجلی پیدا کرنیوالا ملک بن گیا

اسلام آباد (پی این آئی ) آئی پی پیز کے ساتھ کیپسٹی پیمنٹ کے معاہدے نے معاشی بحران پیدا کردیا، جس کے باعث پاکستان خطے میں مہنگی ترین بجلی پیدا کرنے والا ملک بن گیا، حکومت کی نا اہلی، ناقص منصوبہ بندی اور آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

دنیا اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس وقت گھریلو صارفین کو بجلی 60 روپے سے زائد فی یونٹ پڑرہی ہے، کمرشل صارفین کو 80 روپے اور انڈسٹریل صارف کو بجلی کا ایک یونٹ 40 روپے میں مل رہا ہے، پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 2 ہزار 300 ارب روپے تک پہنچ گیا جس میں سے 2 ہزار ارب روپے سے زائد کپیسٹی پے منٹس کی مد میں ادا کیے جانے ہیں اور آج ملک میں مہنگی ترین بجلی کی بڑی وجہ یہی آئی پی پیز ہیں، آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ملک میں معاشی بحران کی بڑی وجہ ہیں، معاہدوں پر نظر ثانی نہ ہونے کی صورت میں کاروبار ٹھپ اور صنعتیں بند ہونے کا خطرہ ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ 1994ء، 2002ء اور 2015ء کے دوران پاور پلانٹس سے کیے جانے والے معاہدے پورے نظام کیلئے درد سر بن چکے ہیں، ان معاہدوں کے تحت بجلی خریدی جائے یا نہ خریدی جائے اس کی قیمت ہر صورت ادا کرنا پڑتی ہے اور وہ بھی ڈالر میں دینی ہوتی ہے، نیپرا رپورٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ آئی پی پیز کی اوسطاً 47 اعشاریہ 9 فیصد بجلی استعمال کی جا رہی ہے لیکن ان آئی پی پیز کو ادائیگیاں 100 فیصد کی جارہی ہیں۔ ادھر روپے کی گرتی ہوئی قدر کے باعث کپیسٹی پے منٹس کا حجم مزید خوفناک شکل اختیار کرنے لگا ہے، 2013ء میں کپیسٹی پے منٹس کی رقم 185 ارب روپے تھی جو 2024ء میں 2 ہزار 10 ارب روپے سالانہ تک پہنچ چکی ہے، ان 11 سالوں کے دوران آئی پی پیز کو 6 ہزار 300 ارب روپے ادا کیے جا چکے ہیں، سب سے زیادہ کپیسٹی پے منٹ 2015ء کے بعد قائم ہونے والے کوئلے سے چلنے والی آئی پی پیز کو کی جار ہی ہے، اس وقت ملک میں سب سے مہنگی بجلی امپورٹڈ کوئلے سے 60 روپے فی یونٹ تک پیدا ہو رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں