آئی فون صارفین کو بڑی خوشخبری سنا دی گئی

اسلام آباد(پی این آئی)ایپل کے نئے آئی فون 16 سیریز میں ایسی بڑی تبدیلی کی جا رہی ہے جو اب تک اس کمپنی کے پرانے اسمارٹ فونز میں دیکھنے میں نہیں آئی تھی۔

لیکس کے مطابق آئی فون 16 پرو اور 16 پرو میکس ایپل کی تاریخ کے اولین ایسے فونز ہوں گے جو بہت زیادہ تیزی سے چارج ہوسکیں گے۔ ابھی آئی فون 15 سیریز کی بیٹری 30 منٹ میں 50 فیصد تک چارج ہوتی ہے مگر آئی فون 16 پرو اور 16 پرو میکس محض 15 منٹ میں 50 فیصد تک چارج ہو جائیں گے۔ آئی فون 15 سیریز کی بیٹریاں 27 واٹ چارجنگ اسپیڈ سے چارج ہوتی ہیں اور انہیں مکمل چارج ہونے میں 2 گھنٹے لگتے ہیں۔ مگر آئی فون 16 سیریز میں 40 واٹ چارجنگ اسپیڈ کی سپورٹ دی جائے گی۔

یہ سپورٹ وائرڈ چارجر کے لیے ہوگی جبکہ وائرلیس چارجنگ کے لیے 20 واٹ سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ یعنی یہ نئے فونز آئی فون 15 سیریز کے مقابلے میں دوگنا زیادہ تیزی سے چارج ہو سکیں گے۔ آئی فونز کے لیے یہ بہت بڑی اپ ڈیٹ ہوگی کیونکہ اب تک اینڈرائیڈ فونز میں ہی اس طرح کی فاسٹ چارجنگ سپورٹ دیکھنے میں آئی ہے۔ مگر آئی فون 16 سیریز کی ڈیوائسز کو جلد چارج کرنے کے لیے صارفین کو ممکنہ طور پر ایپل سے ایک چارجر خریدنا پڑے گا۔ خیال رہے کہ ایپل کی جانب سے آئی فون 16 سیریز کو ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

مختلف لیکس کے مطابق اس بارے میں کمپنی کی جانب سے ڈیوائسز کی بیٹری لائف کو بہتر بنایا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے پہلے سے زیادہ طاقتور بیٹریز ڈیوائسز میں نصب ہوں گی۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ ایپل کی جانب سے ایک نئی ٹیکنالوجی پر کام کیا جا رہا ہے جس سے آئی فون بیٹری کو تبدیل کرنا بہت آسان ہو جائے گا۔ ابھی آئی فونز کی بیٹری کو بدلنا آسان نہیں ہوتا اور کسی ماہر کی مدد لینا پڑتی ہے۔ مگر یورپی یونین کے نئے قانون کے باعث کمپنی کی جانب سے نئی ٹیکنالوجی پر کام کیا جارہا ہے۔

یورپی قانون کے تحت تمام اسمارٹ فونز کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ صارفین آسانی سے بیٹریوں کو خود تبدیل کر سکیں۔ اس مقصد کے لیے انہیں 2025 تک کی مہلت دی گئی ہے جس کے باعث ایپل کی جانب سے ایک نئی ٹیکنالوجی پر کام کیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ اس سال کے آئی فون میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی فیچرز کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close