16جولائی سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کتنا اضافہ ہوگا؟ عوام کیلئے بُری خبر

اسلام آباد(پی این آئی)عالمی مارکیٹ کے زیر اثر پاکستان میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 16 جولائی سے اگلے 15 روز کے لیے بالترتیب 7 روپے 60 پیسے اور 3 روپے 50 پیسے فی لیٹر بڑھنے کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں گزشتہ 15 روز کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں بالترتیب 4.4 ڈالر اور 2 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں پیٹرول کی قیمت میں 7.60 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 3.50 روپے اضافے کا امکان ہے ۔

واضح رہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی موجودہ قیمتیں بالترتیب 265 روپے 61 پیسے اور 277 روپے 45 پیسے فی لیٹر ہیں، 30 جون کو حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 7.45 روپے اور 9.56 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا تھا۔

حکومت نے مالیاتی بل میں پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کی زیادہ سے زیادہ حد کو بڑھا کر 70 روپے فی لیٹر کر دیا ہے تاکہ رواں مالی سال میں 12 کھرب 80 ارب روپے اکٹھے کیے جا سکیں جبکہ گزشتہ سال اس مد میں 960 ارب روپے جمع ہو سکے، جو 869 ارب روپے ہدف کے مقابلے میں تقریباً 91 ارب روپے زیادہ رہے۔

حکومت اس وقت پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر تقریباً 77 روپے فی لیٹر ٹیکس وصول کر رہی ہے، اگرچہ تمام پیٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) صفر ہے، حکومت دونوں مصنوعات پر 60 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی چارج کر رہی ہے، حکومت ایک لیٹر پیٹرول اور ڈیزل پر تقریباً 17 روپے کسٹم ڈیوٹی بھی وصول کر رہی ہے، چاہے ان کی مقامی پیداوار یا درآمدات ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close