بجٹ کے بعد مہنگائی کا طوفان ، دالیں بھی عوام کی دسترس سے باہر

کراچی (پی این آئی) مہنگائی کا طوفان بے قابو، دالوں کی قیمتوں میں 100 روپے تک اضافہ ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق بجٹ کے بعد دالوں کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے، دالیں بھی عوام کی پہنچ سے دور ہوگئیں،دال چنے کی قیمت300روپے سے تجاوز کرگئی۔ ملک کے سب سے بڑے ہول سیل بازار میں دالوں کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔گذشتہ دو ہفتوں کے درمیان دالوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں جب کہ بجٹ میں ٹیکسز کے بعد ہول سیل بازار میں امپورٹرز نے دال کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کردیا ہے۔ہول سیل گروسرز ایسویسی ایشن کے مطابق دال چنا درجہ اول کے ریٹ میں دو ہفتوں میں 89 روپے، درجہ دوئم میں 94 روپے کا کا ریکارڈ اضافہ ہوا جب کہ دال چنا درجہ اول کی قیمت 231 سے بڑھ کر 320، درجہ دوئم 215 سے بڑھ کر 310 روپے ہوگئی۔

کابلی چنا درجہ اول کی قیمت میں 48 روپے کا اضافہ ہوا جس کی قیمت 362 سے بڑھ کر 410 روپے ہوگئی جب کہ کابلی چنا درجہ دوئم 27 روپے اضافے سے 325 روپے سے بڑھ کر 352 روپے کا ہوگیا۔دال مونگ درجہ اول کی قیمت 50 روپے اضافے سے 320 روپے کلو ہوگئی، دال مونگ درجہ دوئم کی قیمت میں 40 روپے کا اضافہ ہوا جس کی قیمت 260 روپے سے بڑھ کر 300 روپے ہوگئی۔اسی طرح دال ماش درجہ اول کی قیمت 10 روپے اضافے سے 520 روپے کلو ہوگئی جب کہ بیسن کی قیمت میں 75 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، بیسن کی فی کلو قیمت 230 سے بڑھ کر 305 روپے ہوگئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close