لاہور (پی این آئی) آٹے کا تھیلا 400 روپے تک مہنگا کر دیا گیا، فلور ملز اور آٹا چکیوں کی ہڑتال کے باعث اوپن مارکیٹ میں آٹے کی قیمت کو پر لگ گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کی ملک گیر ہڑتال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے صوبے کے مختلف مقامات پر آٹا ڈیلرز اور دکانداروں نے آٹے کی گراں فروشی شروع کر دی ،کئی علاقوںمیں آٹے کی قلت پیدا ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جس کی وجہ سے شہریوںنے چکی آٹے کی خریداری شروع کر دی ہے ۔بتایا گیا ہے کہ مختلف علاقوں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1800روپے کی بجائے 2000 سے 2200 روپے تک فروخت کیا جارہا ہے ۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ فلور ملز کی جانب سے کسی بھی ڈیلرز کو آٹے کی سپلائی نہیں کی گئی،ڈیلرز نے سٹاک شدہ آٹا سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کرنا شروع کر دیا ہے ۔ہڑتال کا سلسلہ مزید دو سے تین روز تک جاری رہا تو صورتحال بحران کی صورت اختیار کر جائے گی ۔
دوسری جانب ملک میں ٹیکسز کی بھرمار کے بعد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے، چینی ، گھی، کھلا آئل سمیت دالیں بھی مہنگی ہوگئیں۔ میڈیا کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ٹیکسز میں اضافے کے بعد 50 کلو چینی کا تھیلا جو 6700 روپے میں فروخت ہو رہا تھا اس کی قیمت میں 250 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے، جس کے بعد چینی کے تھیلے کی قیمت 6950 روپے ہوگئی ہے۔
گھی کا کارٹن 300 روپے، کھلے آئل کی قیمت 380 سے بڑھ کر 420 روپے، دال چنا 280 سے 320 روپے اور دال مونگ 280 سے بڑھ کر 340 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح آٹا، خشک دودھ، ڈبے والے دودھ سمیت کئی اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ نیوز ایجنسی کے مطابق ملک میں ہفتہ وار مہنگائی مزید 0.11 فیصد بڑھ گئی جبکہ مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 23.33 فیصد ہوگئی۔ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق ایک ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 6 اشیا ء سستی اور 22 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں