کراچی(پی این آئی)بجلی کا بل 60 ہزار، بڑی گلوکارہ نے رعایت کی درخواست کر دی۔۔۔پاکستان کی معروف پاپ و پلے بیک سنگر حمیرا چنا نے حکومت کو فنکاروں کیلئے بلز کی ادائیگی میں رعایت دینے کا مطالبہ کر دیا۔ملک بھر میں ایک طرف شدید گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری طرف بھاری بلوں نے بھی عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔سوشل میڈیا پر گلوکارہ حمیرا چنا کی بھی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں انھیں بھی زیادہ بل آنے پر پریشان ہوتے اور حکام بالا سے بلوں میں رعایت کی درخواست کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں حمیرا چنا کا کہنا ہے کہ خدارا! فنکاروں کا تھوڑا سا احساس کریں، اس وقت فنکاروں سمیت پورے ملک کے حالات اچھے نہیں ہیں لیکن فنکار بغیر کسی سپورٹ اور وظائف کے اپنے فرائض ادا کر رہے ہیں لہٰذا حکومت کو بھی فنکاروں کا خیال کرنا چاہیے۔گلوکارہ نے حکومت سے درخواست کی کہ مہنگائی کی وجہ سے ہم بھی عام شہریوں کی طرح بہت پریشان ہیں، فنکاروں کو بلوں میں رعایت دی جائے۔وائرل ویڈیو میں حمیرا چنا نے بتایا کہ میرا ایک اے سی کا بل 60 ہزار روپے آیا ہے، جبکہ میرے گھر میں اے سی صرف رات کو چلایا جاتا ہے۔حمیرا چنا نے یہ بھی کہا کہ ہم فنکار بھی پاکستان کے ذمہ دار شہری ہیں، ہمارے ملک کے حالات حتیٰ کہ انٹرٹینمنٹ کے حالات بھی سب کے سامنے ہیں، ہمارا اوڑھنا بچھونا فن ہی ہے، حکومت کو چاہیے کہ ہمارا تھوڑا سا احساس کرے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں