اسلام آباد (پی این آئی) بجلی صارفین کے فکسڈ چارجز میں 184 فیصد اضافہ کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا نے عوام پر ایک ہی دن میں دوسرا بجلی بم گرا دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپرا نے ملک بھر کے تمام گھریلو اور دیگر بجلی صارفین کے فکسڈ چارجز میں اضافے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ نیپرا کی جانب سے بجلی صارفین کے فکسڈ چارجز میں 184 فیصد تک اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔
اس فیصلے کے تحت گھریلو بجلی صارفین پر 1 ہزار روپے کے فکسڈ چارجز عائد کر دیے گئے ہیں۔ جبکہ اس سے قبل نیپرا نے کراچی سمیت ملک بھر کیلئے بجلی کے یکساں ٹیرف کا فیصلہ بھی جاری کردیا۔ میڈیا کے مطابق نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7.12 روپے اضافے کی حکومتی درخواست منظور کرلی ہے، ماہانہ 200 یونٹ تک گھریلو صارفین 3 ماہ کیلئے اضافے سے مستثنا قرار دیئے گئے ہیں، باقی گھریلو صارفین کیلئے بجلی کا بنیادی ٹیرف فی یونٹ 7.12 روپے بڑھ جائے گا۔
نیپرا نے بجلی کا بنیادی ٹیرف بڑھانے کا فیصلہ نوٹیفکیشن کیلئے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔ گھریلو صارفین کیلئے بجلی کا فی یونٹ بنیادی ٹیرف 48 روپے 84 پیسے تک ہوگا، ماہانہ 201 سے 300 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کا بنیادی ٹیرف اضافے کے بعد 26.34 روپے ہوجائے گا۔ ماہانہ 301 سے 400 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کا بنیادی ٹیرف اضافے کے بعد39.15 روپے ہوجائے گا۔
ماہانہ 401 سے 500 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کا بنیادی ٹیرف 6.12 روپے اضافے کے بعد 41.36 روپے ہوجائے گا۔ ماہانہ 500 سے 601 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کا بنیادی ٹیرف 6.12 روپے اضافے کے بعد 42.78 روپے ہوجائے گا۔ ماہانہ 601 سے 700 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کا بنیادی ٹیرف 6.12 روپے اضافے کے بعد 43.92 روپے ہوجائے گا۔ ماہانہ 700 یونٹ سے زیادہ کا بنیادی ٹیرف 6.12 روپے اضافے کے بعد 48.84 روپے ہوجائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں