آٹے کی بوری کی قیمت میں 1700روپے کا اضافہ، نئی قیمت کتنی ہوگئی؟

اسلام آباد ( پی این آئی) آٹے کی بوری کی قیمت میں 1700 روپے کا اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق صدر کیپٹل نان بائی ایسوسی ایشن نے انکشاف کیا ہے کہ آٹے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ہے۔

 

 

بتایا گیا ہے کہ 1700 روپے اضافے سے 7 ہزار 3 سو روپے میں ملنے والی فائن آٹا کی بوری 9 ہزار روپے کی ہوگئی، جبکہ لال آٹے کی 79 کلو کی بوری 6 ہزار 8 سو سے بڑھ کر 8 ہزار 4 سو روپے کی ہوگئی۔صدر کیپٹل نان بائی ایسوسی ایشن نے کہا کہ ایل پی جی کی قیمت میں بھی فی کلو 50 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی لیے اسلام آباد میں 10 جولائی سے روٹی 25 اور نان 30 روپے میں فروخت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دوسری جانب آل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے 11جولائی سے ملک بھر میں آٹے کی سپلائی بند کرنے کا اعلان کردیا۔ہفتہ کے روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا نے کہا کہ حکومت نے آٹے کی فروخت پر ساڑھے پانچ فیصد ٹیکس لگایا ہے، نئے ٹیکس سے 20 کلو کا تھیلا ڈیڑھ سو روپے مہنگا ہوگا، ہمارا وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کو فوری ختم کیا جائے۔

 

 

انہوں نے کہا کہ فلور ملز مالکان فوری فلور ملز بند کرنا چاہتے ہیں لیکن میں نے اپنے طور پر بدھ تک کا وقت دیا ہے، جمعرات سے مارکیٹ کو سپلائی بند کر دیں گے، پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ گندم کی پسائی بند کردیں گے۔ ادھر محکمہ خوراک نے قیمتوں میں اضافے اور ناقص انتظامات پر 52 فلور پوائنٹس کو شوکاز جاری جب کہ 3 فلور ملز کے لائسنس معطل کر دئیے، ترجمان محکمہ خوراک نے بتایا ہے کہ لاہور ڈویژن میں135،فیصل آباد 15، سرگودھا 71، راولپنڈی 147، گوجرانوالہ میں 39 ،گجرات ڈویژن 42، ساہیوال 33، ملتان 106،ڈی جی خان میں 3 پوائنٹس کو چیک کیا گیا۔صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا کہ بوگس ریکارڈ دکھانے اور مہنگے داموں مارکیٹ میں آٹے کی سپلائی پر کارروائیاں کی گئیں۔

 

 

مارکیٹ میں موجود تمام آٹا برانڈز کے نرخوں کی فہرستیں مرتب کی جارہی ہیں،مہنگے داموں آٹا تھیلوں کی سپلائی کرنیوالے ڈیلرز اور ملز کے لائسنس معطل کر دئیے جائیں گے، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ فوڈ کے افسران عوام تک ریلیف کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں، وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر روزانہ مارکیٹ نرخوں کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں