لاہور ( پی این آئی) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں گندم اور آٹے کی نئی قیمتیں مقرر کردیں، گندم اور آٹے کی نئی قیمتوں پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت قانونی کاروائی کی جائے گی۔
میڈیا کے مطابق پنجاب حکومت نے منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی روکنے کیلئے صوبے بھر میں گندم اور آٹے کی قیمتیں مقرر کردیں۔ جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور راولپنڈی میں 20 کلو آٹے کی قیمت1840 روپے مقرر، جبکہ لاہور میں گندم کی قیمت 3000 اور راولپنڈی میں 3050 روپے فی من مقررکردی گئی ہے۔اٹک اور جہلم میں 20 کلو آٹے کی نئی قیمت 1820 روپے، چکوال، قصور اور شیخوپورہ میں 20 کلو آٹے کی قیمت 1780 روپے اسی طرح دیگر علاقوں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1600 سے 1680 روپے مقرر کردی گئی ہے۔
منڈی بہاؤالدین، وزیر آباد، حافظ آباد اور ملتان میں فی من گندم 2900 روپے، رحیم یار خان، خوشاب اور چنیوٹ میں فی من گندم کی قیمت 2850 روپے مقرر کردی گئی ہے۔سرگودھا، فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں فی من گندم کی قیمت 2850 روپے، بہاولنگر، لیہ، مظفر گڑھ، راجن پور، بھکر اور جھنگ میں قیمت 2800 روپے مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا نے کہا کہ حکومت نے آٹے کی فروخت پر ساڑھے پانچ فیصد ٹیکس لگایا ہے، نئے ٹیکس سے 20 کلو کا تھیلا ڈیڑھ سو روپے مہنگا ہوگا، ہمارا وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کو فوری ختم کیا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں