بجلی صارفین کو ایک اور بڑا جھٹکا لگ گیا، نرخوں میں بڑا اضافہ

اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی حکومت نے یکم جولائی سے بجلی کے اوسط بنیادی ٹیرف میں 5 روپے 72 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کے گھریلو صارفین کےلیے تجویز کردہ مختلف سلیبز پر اضافے کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں۔

اس حوالے سے موصول دستاویزات کے مطابق وفاقی کابینہ نے گھریلو صارفین کےلیے بجلی کا فی یونٹ بنیادی ٹیرف 48 روپے 84 پیسے تک مقرر کردیا۔ فی یونٹ بنیادی ٹیرف میں 3 روپے 95 پیسے سے 7 روپے 12 پیسے تک اضافہ منظور کیا گیا ہے۔ نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کےلیے 1 سے 100 یونٹ استعمال پر ٹیرف 7.11 روپے اضافے سے 23.59 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ ماہانہ 101 سے 200 یونٹ پر استعمال پر فی یونٹ 7.12 روپے اضافے سے 30.07 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ماہانہ 201 سے 300 یونٹ تک کا بجلی ٹیرف 7.12 روپے اضافے سے 34.26 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ ماہانہ 301 سے 400 یونٹ پر ٹیرف 7.02 روپے اضافے سے فی یونٹ ٹیرف 39.15 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

ماہانہ 401 سے 500 یونٹ 6.12 روپے اضافے سے 41.36 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح ماہانہ 501 سے 600 یونٹ استعمال پر ٹیرف 6.12 روپے اضافے سے 42.78 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ماہانہ 601 سے 700 یونٹ پر بجلی ٹیرف 6.12 روپے اضافے سے 43.92 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے جبکہ ماہانہ 700 یونٹ سے زیادہ کا ٹیرف 6.12 روپے اضافے سے 48.84 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

ماہانہ 50 یونٹ تک لائف لائن صارفین کےلیے فی یونٹ 3.95 روپے برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ ماہانہ 51 سے 100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کےلیے فی یونٹ 7.74 روپے برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close