فلور ملز کا آٹے کے تھیلے کی قیمت میں بھاری کمی کا اعلان

لاہور(پی این آئی) پنجاب میں فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 80 سے 90 روپے تک کمی کا اعلان کردیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے بعد وزیرخوراک بلال یاسین متحرک ہیں، انھوں نے فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندگان سے ملاقات کی اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں سیکرٹری فوڈ معظم اقبال سپرا اور ڈائریکٹر فوڈ پنجاب شعیب جدون بھی موجود تھے۔جس کے بعد فلور ملز نے آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 80 سے 90 روپے تک کمی کا اعلان کیا۔صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا کہ گندم کے اضافی اسٹاک کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش ہوئی، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عوامی ریلیف اولین ترجیح ہے۔دوسری طرف پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب برانچ کی ایگزیکٹو کمیٹی کا لاہور میں اجلاس ہوا۔ فلورملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو نے اجلاس کی صدارت کی۔اہم بیٹھک میں بجٹ میں گندم مصنوعات کی سیل پر ودہولڈنگ ٹیکس کی وصولی کیلئے فلور ملز کو ودہولڈنگ ایجنٹ بنانے پر گفتگو کی گئی جب کہ ایسوسی ایشن نے گندم مصنوعات کی سیل پر ودہولڈنگ ٹیکس پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

close