گاڑیوں کی فروخت میں کتنی کمی ہوئی؟ رپورٹ جاری

اسلام آباد (پی این آئی) ملک میں گاڑیوں کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے11ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 5 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

آل پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے11 ماہ میں ملک میں گاڑیوں کے 11 لاکھ 94ہزار 467 یونٹس کی فروخت ریکارڈکی گئی جو گزشتہ مالی سا ل کی اسی مدت کے مقابلہ میں 5 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 12لاکھ 56ہزار 512 یونٹس گاڑیوں کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔ مئی میں ملک میں گاڑیوں کے ایک لاکھ 33ہزار 85 یونٹس کی فروخت ریکارڈکی گئی جو اپریل کے مقابلہ میں 10 فیصد اور گزشتہ سا ل مئی کے مقابلہ میں 25 فیصد زیادہ ہے ۔ اپریل میں ملک میں ایک لاکھ 21 ہزار 417 یونٹس اور گزشتہ سال مئی میں ایک لاکھ 6 ہزار 314 یونٹس گاڑیوں کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔

اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 11ماہ میں ملک میں کاروں کے 71ہزار 449 یونٹس کی فروخت ریکارڈکی گئی جو گزشتہ مالی سا ل کی اسی مدت کےمقابلہ میں 23 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں کاروں کی 92ہزار 554 یونٹس کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔ مالی سال کے پہلے 11ماہ میں موٹرسائیکلوں کے 10لاکھ 38ہزار 423 یونٹس کی فروخت ریکارڈکی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 4 فیصد کم ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close