ٹیوٹا کا اپنی گاڑیوں سے متعلق بڑ ااعلان

اسلام آباد(پی این آئی)گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور گرتی ہوئی فروخت کو مد نظر رکھتے ہوئے ’ ٹیوٹا پاکستان ‘ نے اپنی گاڑیوں کے مختلف ماڈلز کو یورپی ممالک میں برآمد کرنے کا اعلان کر دیاہے ۔

ٹویوٹا پاکستان کے سی ای او علی اصغر جمالی نے ایک میڈیا بریفنگ کے دوران اس بارے میں تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کمپنی اپنے مشہور ماڈلز کے 50 یونٹس برآمد کرے گی، منصوبے کے تحت ڈنمارک، سویڈن اور ناروے کو ٹویوٹا فارچیونر،ریوو اور کرولا کراس کاریں برآمد کی جائیں گی، جس سے 15 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوگا۔علی اصغر جمالی نے مزید بتایا کہ گاڑیوں کی برآمدات کے علاوہ کمپنی 150 ورکرز کو جاپان بھیجے گی جس سے 25 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی نے اگلے 10 ماہ میں مزید 100 ورکرز کو بیرون ملک بھجوانے کا ہدف رکھا ہے جس سے آمدن میں دگنا اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کاریں تیار کرنے والی جاپانی اور چینی کمپنیوں کے متوقع کاروباری نقصانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستانی صنعت نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مقامی صنعتی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر برآمدات کے لیے موزوں خصوصاً افریقی ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ معاہدوں کے لیے بات چیت کا آغاز کیا جائے۔

close