آٹا، میدہ اور سوجی کی قیمتوں میں واضح کمی ہوگئی

لاہور (پی این آئی) پنجاب بھر میں آٹے، میدے اور سوجی کی قیمتوں میں واضح کمی آ رہی ہے۔

وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے پنجاب بھر کی مارکیٹوں سے قیمتوں کے تقابلی جائزے منگوا لیے۔ انکا کہنا ہے کہ گندم سے تیار کردہ اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور اس سلسلے میں کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ 10 کلو گرام آٹے کی قیمت میں 600 سے 700 روپے کمی آئی جبکہ 20 کلو گرام آٹے کی قیمت میں اوسط 1300 روپے تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ 80 کلو فائن آٹا/میدے کی قیمت میں 2770 روپے تک کمی ہوئی۔ اسی طرح 50 کلوگرام سوجی کے تھیلے کی قیمت میں اوسط 1700 روپے تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ وزیر خوراک پنجاب نے بتایا کہ فائن آٹے کا تھیلا 11 ہزار سے کم ہوکر 8 ہزار 230 میں دستیاب ہے۔ سوجی 50 کلوگرام تھیلا 7150 سے کم ہو کر 5450 میں دستیاب ہے۔ روزمرہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو حقیقی ریلیف ملا ہے۔گندم کی وافر مقدار میں موجودگی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ رہے ہیں۔ مارکیٹ کی مستقل چیکنگ سے اشیاء کی قیمتوں اور معیاری پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ صوبہ بھر میں سستی روٹی کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ مل کر کم قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنا رہے ہیں۔

close