پاکستانی معیشت میں بہتری ، آئی ایم ایف نے بھی اچھی خبر سنا دی

اسلام آباد(پی این آئی)انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) نے پاکستان کی معیشت میں بہتری کا اعتراف کرلیا۔ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کنٹری رپورٹ جاری کردی گئی ہے جس میں بین الاقوامی مالیاتی ادارے کی طرف سے پاکستان کی معیشت میں بہتری کا اعتراف کیا گیا ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق معاشی استحکام کے باوجود پاکستانی معیشت کو خطرات کا سامنا ہے، پاکستان میں مہنگائی میں بتدریج کمی آرہی ہے اور معاشی استحکام کے ساتھ معتدل شرح نمو واپس آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معاشی آؤٹ لُک کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، مضبوط اور پائیدار معاشی ترقی کیلئے پالیسی اصلاحات جاری رکھنا ہوں گی۔ آئی ایم ایف کی جانب سے مالی اہداف پر سختی سے عمل درآمد اور غریب طبقے کے تحفظ اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر زور دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مارکیٹ بیسڈ ایکسچینج ریٹ کی پالیسی برقرار رکھی جائے، پاکستان کے معاشی استحکام کے آثار مضبوط ہیں۔ ایڈوانس ٹیم کے وفد کی آمد دوسری جانب آئی ایم ایف سے اگلے طویل مدتی قرض پروگرام پر مذاکرات کے معاملے میں بھی بڑی پیشرفت ہوئی ہے اور پہلے مرحلے میں آئی ایم ایف کی ایڈوانس ٹیم کا وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔ آئی ایم ایف کے سربراہی مشن کا 16 مئی کی رات پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close