وہ آٹو کمپنیاں جنہوں نے گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا

کراچی (آئی این پی )لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ اور پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے کاروں کی قیمتیں کم کرنے کے بعد دو جاپانی کار کمپنیوں نے اپنی کاروں کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

 

 

ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ نے کہا کہ کچھ ڈیلرز اور صارفین نے مارکیٹ میں دیگر کمپنیوں کی جانب سے حالیہ قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے اس سے رابطہ کیا ہے، ان چیزوں کو دیکھتے ہوئے ہونڈا اٹلس کارز لیمیٹڈ اپنی موجودہ قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کرے گا۔ 16 مارچ کو ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ نے سٹی ایم ٹی 1.2 ایل اور سٹی سی وی ٹی 1.2 ایل کی قیمتیں 50 ہزار روپے سے ایک لاکھ 40 ہزار روپے تک کم کر دی تھیں۔ کمپنی نے کہا کہ ہم فی الحال مزید کمی نہیں کررہے اور حالیہ قیمتوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، کیونکہ غیر ملکی زر مبادلہ کی شرح اور میٹیریل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ انڈس موٹر کمپنی نے بھی تصدیق کی ہے کہ قیمتوں میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ انڈس موٹر کمپنی نے کہا کہ انہیں مارکیٹ میں مختلف کمپنیوں کی جانب سے حالیہ قیمتوں کی ایڈجسٹمنٹ کے بارے میں متعدد سوالات موصول ہوئے ہیں، ہم اپنی موجودہ قیمتوں کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انڈس موٹر کمپنی نے مارچ میں ٹویوٹا یارس کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 73 ہزار سے ایک لاکھ 33 ہزار روپے کی کمی کی تھی۔

 

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں