نیلم جہلم ہائیڈرو پاورپلانٹ، بجلی کی پیداوار مکمل طور پر بند

لاہور (پی این آئی) نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ سے بجلی کی پیداوار مکمل طور پر بند کر دی گئی، 29 اپریل کو ایک اور فنی خرابی کی نشاندہی پر 969 میگاواٹ بجلی کی پیدواری صلاحیت والے پاور پلانٹ کو ہیڈریس ٹنل کی انسپکشن کے لئے بند کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ کو ہیڈ ریس ٹنل کی انسپکشن کے لئے گزشتہ روز بند کر د یا گیا ہے، تاکہ اس خرابی کا پتہ لگایا جاسکے جس کی وجہ سے تقریباایک ماہ قبل ہیڈ ریس ٹنل کے پریشر میں کمی واقع ہوئی تھی۔ خرابی کی نشاندہی کے بعد پراجیکٹ کنسلٹنٹس اور بین الاقوامی ماہرین کی مشاورت سے بحالی کے کام شروع کرنے کے لئے ایک جامع پلان مرتب کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیڈ ریس ٹنل کے پریشر میں اچانک کمی 2اپریل کو مشاہدے میں آئی تھی۔ پراجیکٹ کنسلٹنٹس کی مشاورت سے ہیڈ ریس ٹنل کی حفاظت کے پیش نظر 6اپریل سے پاور پلانٹ کو 530میگاواٹ پر چلایا جارہا تھا، تاکہ ہیڈ ریس ٹنل کے پریشر میں کمی بیشی کو مانیٹرکیا جاسکے۔ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ کسی مسئلہ کے بغیر 29اپریل تک تقریباً530 میگاواٹ بجلی پیدا کرتا رہا، تاہم 29اپریل کو تقریباً رات 11بجے ہیڈ ریس ٹنل کے پریشرمیں مزید تبدیلی دیکھنے میں آئی، جس کے بعد پلانٹ سے بجلی کی پیداوار میں بتدریج کمی کی گئی، تا ہم ہیڈ ریس ٹنل کا پریشر حفاظتی حد پر برقرار نہ رہ سکا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close