اسلام آباد(پی این آئی) وزارت خزانہ نے معاشی شرح نمو میں بہتری اور مہنگائی میں کمی کا دعویٰ کردیا۔
پاکستانی معیشت کی ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق رواں ماہ مہنگائی 18.5 فیصد سے 19.5 فیصد کے درمیان جبکہ مئی 2024 میں مہنگائی مزید کم ہو کر 17.5 فیصد تک آنے کا امکان ہے۔ پہلی اور دوسری سہہ ماہی میں شرح نموبالترتیب 2.5 فیصد اور 1 فیصد رہی۔رپورٹ میں بیرونی قرضوں، بھاری سود کی ادائیگی مالی صورت حال کیلئے بڑا چیلنج قرار دیا گیا ہے، وزارت خزانہ کے مطابق 8 ماہ میں مالی خسارہ 34.8 فیصد اضافےسے3224 ارب روپےتک پہنچ گیا، پائیدار معاشی ترقی کیلئے مالی ڈسپلن یقینی بنانا ہوگا۔
وزارت خزانہ کے مطابق اس سال معاشی گروتھ معتدل اور اگلے سال زیادہ بہتر رہے گی، مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں مالی اوربیرونی شعبے میں بہتری آئی ہے، پہلی ششماہی میں زرعی شعبے میں 5 سے 8.6 فیصد بہتری آئی ہے تاہم بڑی صنعتوں کی کارکردگی ہدف کے مقابلے غیر تسلی بخش رہی۔رپورٹ کے مطابق 8 ماہ میں ٹیکس ریونیو 30 فیصد اضافے سے 6 ہزار 711 ارب روپے رہا، نان ٹیکس ریونیو میں دوگنا اضافہ، 2267 ارب روپے تک پہنچ گیا، 9 ماہ ماہ میں برآمدات 9.3 فیصد اضافے سے 23 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ ترسیلات زر 0.9 فیصد اضافے سے 21 ارب ڈالر رہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں