ریاض(پی این آئی)اسلامی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں جاری منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائینز پر صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹرمحمد سلیمان الجاسر نے ملاقات کی جہاں اسلامی ترقیاتی بینک کے پاکستان میں جاری مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم نے اپنے سابقہ دور حکومت میں اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے مختلف منصوبوں میں ایک ارب امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری پر اسلامی ترقیاتی بینک کا شکریہ ادا کیا۔
بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان کی سیلاب کے بعد بحالی میں اسلامی ترقیاتی بینک کی معاونت کو سراہا اور اس حوالے سے ڈاکٹر الجاسر کے ذاتی تعاون اور قائدانہ کردار کو تسلیم کیا، ملاقات میں پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم شہبازشریف اور صدر اسلامی ترقیاتی بینک کی ملاقات میں پاکستان میں جاری منصوبوں کو جلد مکمل کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اسلامی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے ساتھ مفید شراکت داری، تعمیرنو اور روزگار میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کے پائیدار ترقی کے مقاصد کے حصول میں بھی معاون ثابت ہو رہی ہے، ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو صحیح خطوط پر استوار کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تمام خدشات کو دور کرنے اور ون ونڈو آپریشنز مہیا کرنے کے لئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پوری طرح سے فعال ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں