حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اہم فیصلہ

لاہور (پی این آئی) حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ کرنے پر غور، ڈی ریگولیشن کا مطلب یکساں قیمتوں کا خاتمہ ہوگا، ہر پٹرول پمپ اپنی مرضی کی قیمت مقرر کر سکے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن نے ایک ہدایت میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) سے کہا ہے کہ وہ تین روز میں ’پیٹرولیم مصنوعات کی ڈی ریگولیشن پر تجزیہ اور مضمرات پر ایک پریزنٹیشن پیش کرے‘۔کہا گیا کہ اس پریزنٹیشن میں ’ان کنٹری فریٹ ایکویلائزیشن مارجنز (آئی ایف ای ایم) اور دیگر متعلقہ پہلوؤں‘ کا احاطہ ہونا چاہیے۔ سینیئر سرکاری اہلکار نے کہا کہ یہ ہدایت وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے ’پیٹرولیم سیکٹر کے لیے ڈی ریگولیشن فریم ورک‘ کو فوری طور پر حتمی شکل دینے کی ہدایات کے بعد سامنے آئی۔

حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوامی تنقید کی زد میں رہ چکی ہے حالانکہ اسے اتنی آزادی نہیں کہ وہ قرض دہندگان کی طرف سے مقرر کردہ قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کے تحت مختلف مصنوعات پر مقررہ ٹیکس کی شرح کو تبدیل کرسکے۔اس تمام معاملے میں حکومت کا واحد کردار اوگرا کی جانب سے طے کیے گئے اضافے کا اعلان کرنا ہے، تیل کی مصنوعات میں اضافہ یا کمی بین الاقوامی مارکیٹ اور شرح تبادلہ کے اثرات کا نتیجہ ہوتی ہے۔ دوسری جانب تیل کی صنعت بھی حکومت پر تنقید کر رہی ہے کہ وہ سستے اور غیرمعیاری تیل کی بڑے پیمانے پر، بالخصوص ایران سے اسمگلنگ روکنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close