پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کا امکان، وزیر خزانہ نے واضح کر دیا

نیو یارک ( پی این آئی) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے مذاکرات کے دوران روپے کی قدر میں کمی کا امکان نہیں ہے۔

دورہ امریکہ کے دوران بلومبرگ کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مضبوط ہیں، روپے کا ریٹ بھی مستحکم ہے، ترسیلات زر اور برآمدات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، پاکستانی روپیہ کی قدر میں سالانہ 6 سے 8 فیصد کمی ہوتی ہے لیکن اس وقت روپے کی قدر میں کمی کی کوئی اور وجوہات نہیں ہیں، حکومت کی کوشش ہے کہ مہنگائی میں کمی اور شرح نمو میں اضافہ کیا جائے، پاکستان کیلئے صرف اور صرف مشکلات کا باعث عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت صنعتی ترقی زراعت کی بحالی اور آئی ٹی کو فروغ دے کر آئند سالوں میں شرح نمو کو 4 فیصد سے اوپر لے جائے گی، آئی ایم ایف سے ایکسٹنڈڈ فنڈ فیسیلیٹی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، موسمیاتی تبدیلیوں کیخلاف اقدامات کیے فنڈنگ لیں گے، آئی ایم ایف کے ساتھ نئے پروگرام کیلئے تکنیکی اور پالیسی لیول مذاکرات مئی میں ہوں گے، نیا پروگرام جون میں حتمی کرلیا جائے گا تاہم پروگرام کی مالیت کے حوالے سے فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتا۔

علاوہ ازیں محمد اورنگزیب نے جے پی مورگن سیمینار سے خطاب میں وزیرخزانہ نے زرعی شعبے، مہنگائی اور مستحکم شرح مبادلہ اور کم ہوتے تجارتی خسارے پر روشنی ڈالی، تجارتی خسارہ میں کمی آرہی ہے اور ترسیلات زر سمیت معیشت کے اہم اعشاریے بہتر کارکردگی کی عکاسی کررہے ہیں ،، ٹیکسیشن، توانائی اور نجکاری کے اہم شعبوں میں مثبت اصلاحات جاری ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ وسیع تراور توسیعی پروگرام میں شامل ہونے کیلئے پرعزم ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close