اسلام آباد (پی این آئی) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت ایک ڈالر اضافے سے 91 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
میڈیا کے مطابق ایران اور اسرائیل کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان جاری ہے، عالمی منڈی میں خام تیل ایک ڈالر اضافے سے اکیانوے ڈالر فی بیرل کی سطح سے تجاوز کرگیا ہے، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ایک ہفتے میں 4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، نومبر 2023 کے بعد خام تیل کی قیمت بلند ترین سطح پر ہے۔ اسی طرح 03 اپریل کی رپورٹ کے مطابق مشرق وسطی میں کشیدگی میں اضافے کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 7 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔
لندن برینٹ کروڑ کی قیمت 1.8فیصد اضافے سے 89 ڈالر فی بیرل ہوئی اور مئی کیلئے امریکی خام تیل کے سودے 85 ڈالر 13 سینٹس فی بیرل کیے گئے۔ دوسری جانب نیوز ایجنسی کے مطابق وفاقی حکومت نے سمندری حدود میں تیل وگیس کی تلاش کا کام تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ملک کی انرجی سکیورٹی کیلئے سمندری حدود میں تیل وگیس کی تلاش کا کام تیز کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے غیر ملکی ماہرین کی خدمات لینے کی ہدایات کردی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے 2 آف شور انڈس اور مکران بیسن میں تیل وگیس کے وسیع ذخائر کا اندازہ ہے۔ 77 سال میں سال میں سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کیلئے صرف 14 کنویں کھودے گئے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال اسلام آباد میں پٹرولیم کانفرنس 2024 کے موقع پر سمندر میں اور سمندر سے باہر تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
مزید برآں ایک ہفتے کے دوران ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں 7500 روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور ایک تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 37 ہزار 600 روپے سے بڑھ کر 2 لاکھ 45 ہزار100روپے ہو گئی ۔آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق زیر تبصرہ مدت میں دس گرام سونا 6430 روپے مہنگا ہوا جس کے بعد دس گرام سونے کی قیمت 2 لاکھ 3 ہزار704 روپے سے بڑھ کر 2 لاکھ 10ہزار 134 روپے ہو گئی جبکہ عالمی مارکیٹ میں اس عرصے کے دوران 72ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونا 2278 ڈالر سے بڑھ کر 2350 ڈالر ہو گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں