اسلام آباد (پی این آئی) ترکمانستان نے پاکستان کو سستی بجلی دینے کی پیشکش کردی ہے، یہ پیشکش وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان سے ترکمانستان کے سفیر اتاجان مولاموف نے ملاقات کے دوران کی ہے ، اس موقع پر وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کی تکمیل کے قریب ہے، دونوں ممالک کو اس تجارتی معاہدے سے بہت زیادہ فوائد حاصل ہوں گے۔
وزارت تجارت کے اعلامیہ کے مطابق ترکمانستان کے سفیر نے پاکستان میں مقامی پیداوار کے مقابلے سستی بجلی دینے کی پیشکش کی ،اس کے علاوہ ایل پی جی اور بجلی جیسے توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔ ترکمانستان کے سفیر نے وفاقی وزیر تجارت کو ان کی حالیہ تقرری پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جام کمال خان نے کہا کہ ترکمانستان کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط اور تجارتی حجم میں اضافہ کیا جائے گا۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت کے لئے نئے راستوں کی تلاش اور ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدوں کے ذریعے تجارتی حجم کو بڑھانے کے حوالے سے مؤثر حکمت عملی اپنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں