گاڑیوں کی آن لائن ٹرانسفر سے متعلق حکومت کا اہم فیصلہ

کراچی(پی این آئی)حکومت سندھ نے استعمال شدہ گاڑیوں کے ٹرانسفر پر فزیکل فٹنس چیکنگ ختم کرنے اور گاڑیوں کی آن لائن ٹرانسفر کے لئے سافٹ ویئر لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں گاڑیوں کی ٹرانسفر پر دفتری کاغذی کارروائی بھی ختم کرنے پر بھی غور کیا گیا جبکہ تاجروں نے گاڑیوں کی رجسٹریشن میں پیش آنے والی دشواریوں، فزیکل فٹنس سمیت دیگر مسائل سے متعلق سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو تفصیلی آگاہی دی۔اجلاس میں پرائیویٹ اور کمرشل گاڑیوں کے کرنٹ اور بیک لاگ کے مسائل، گاڑیوں کی نئی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کا نظام آن لائن کرنے کے لیے جدید طریقہ کار شروع کرنے پر بھی تفصیلی بحث ہوئی۔اس موقع پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے تاجروں کے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی ٹرانسفر پر دفتری کاغذی کارروائی فی الحال جاری رہے گی، تاہم جلد ہی اس کو ختم کردیا جائے گا، تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تاجر، خاص طور پر کراچی کے ٹریڈرز اور امپورٹرس ملکی معیشت میں اہم حیثیت کے حامل ہیں، سندھ حکومت نے ہمیشہ تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کے رجسٹریشن میں پیش آنے والی دشواریوں سمیت تاجروں کے دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، ریڈ لائن بی آر ٹی کی وجہ سے تاجروں کو دشواری نہیں ہوگی، اس ضمن پہلے ہی ہدایات جاری کر چکے ہیں۔اجلاس میں شریک آٹوموٹو ٹریڈرز اینڈ امپورٹررز ایسو سی ایشن کے وفد میں سجاد بھٹی، اعراف پراچہ، محمد اکبر، عبدالرحیم، امجد عاقل اور اعجاز احمد شریک شامل تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close