حکومت نے آئی ایم ایف کو بجلی کتنی مہنگی کرنے کی یقین دہانی کروا دی؟

اسلام آباد (پی این آئی) حکومت کی جانب سے قرض کے معاہدے کے لیے عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کو بجلی مزید مہنگی کرنے کی یقین دہانی کرادی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اقتصادی جائزہ مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے، جس کے بارے میں ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے کو بجلی ٹیرف میں بروقت اضافے کی یقین دہانی کرا دی ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کی قیمتوں میں یکم جولائی سے مزید اضافے کا امکان ہے، اس ضمن میں کاسٹ ریکوری کیلئے ماہانہ، سہ ماہی اور سالانہ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی۔ ذرائع کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کو ٹیکس ریونیو بڑھانے کیلئے معیشت کو بتدریج دستاویزی شکل دینے کی بھی یقین دہانی کرا دی ہے جب کہ آئی ایم ایف کی طرف سے بی آئی ایس پی کے تحت مستحقین کا تحفظ یقینی بنانے پر زور دیا گیا، جس کے جواب میں حکومت کی جانب سے بی آئی ایس پی مستحقین کی تعداد جون تک مزید بڑھانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے نے حکومت پر معاشی استحکام کے تسلسل کے لیے ضروری اصلاحات جاری رکھنے پر زور دیا ہے، جس کے لیے آئی ایم ایف نے سخت مانیٹری پالیسی اور مارکیٹ بیسڈ ایکسچینج ریٹ کی پالیسی برقرار رکھنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کی طرف سے بتایا جارہا ہے کہ اس بار آئی ایم ایف سے مذاکراتی عمل نسبتاً آسان رہا، ان مذاکرات کی کامیاب تکمیل پر پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف سے 1.1 ارب ڈالر کی قسط جاری کرنے کی سفارش کی جائے گی، جس کے بعد ایگزیکٹیو بورڈ کی منظوری سے پاکستان کو 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط جاری کی جاسکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں