گھی قیمتوں میں مزید کمی کا اعلان، مہنگائی سے پریشان عوام کو ریلیف مل گیا

لاہور(پی این آئی) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت رمضان مانیٹرنگ وزارتی کمیٹی کا سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔

جس میں صوبائی وزراء بلال یاسین، مجتبیٰ شجاع الرحمن، عاشق حسین کرمانی، سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ، ڈی جی انڈسٹریز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔پاکستان وناسپتی مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین منیب منوں کی قیادت میں وفد نے خصوصی شرکت کی۔ گھی مینو فیکچرز نے پنجاب بھر میں گھی کی قیمتوں میں 15روپے فی کلوگرام کمی کا اعلان کیا۔ فیصلے کا اطلاق آج سے ہی ہوگا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ گھی مینو فیکچرز کی جانب سے ماہ مقدس میں گھی کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے ہر ضروری اقدام کیا جارہا ہے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے گھی مینو فیکچرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرا تے ہوئے کہا کہ وناسپتی مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے مسائل کے حل کیلئے رمضان المبارک کے بعد دوبارہ ملاقات ہوگی۔ صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ ایکسل لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے گھی مینو فیکچرز کی صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سے ملاقات کرائی جائے گی۔ بناسپتی مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے وفد میں طارق اللہ صوفی، عابد ملک، محمد وحید چوہدری اور دیگر شامل تھے.۔

مزید برآں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف پاکستان کی تاریخ کی پہلی وزیراعلی ہیں جو بہت محنت اور سپیڈ سے کام کر رہی ہیں۔وہ تمام محکموں میں اصطلاحات متعارف کروا رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آج صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاح الرحمن نے منسٹر بلاک میں کھلی کچہری کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب اور انکی پوری ٹیم پچھلی پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے ملنے والی بیڈ گورننس اور کرپشن کے خاتمے کے لئے خلوص نیت سے کوشاں ہے۔وزیر اعلی کی ٹیم میں قابل لوگ شامل ہیں۔مریم نواز شریف کی واضح ہدایات کے مطابق رمضان کے با برکت مہینے میں رمضان پیکج کے تحت 65 لاکھ غریب اور مستحق گھرانوں میں راشن کے تھیلے ان کی گھر کی دہلیز تک پہنچائے جا رہے ہیں یہی طریقہ کار اسلامی ادوار میں خلافت راشدہ کا رہا،مریم نواز نے محکموں میں چیک اینڈ بیلنس اور کرپشن کے خاتمے کے لئے ہر ضلع کی سطح پر متعدد کمیٹیاں قائم کی ہیں اور ان کی نگرانی کی ذمہ داری اراکین صوبائی اسمبلی کی لگائی گئی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ کسی بھی جگہ لوگ راشن بیگز کے حصول کے لئے لائن میں نہ لگیں۔ذخیرہ اندوزی کے خلاف حکومت کی ٹیمیں متحرک ہیں۔

مصنوعی مہنگائی کرنے والے عناصر کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج اور جرمانہ کیا جا رہا ہے۔ کل اسمبلی کا اجلاس بلا لیا گیا ہے۔اس بجٹ سیشن میں اگلے 3سے 4ماہ کا بجٹ اسمبلی سے پاس کروایا جائے گا۔ جس میں ترقیاتی بجٹ بھی شامل ہے حکومت کی اولین ترجیح مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہے جبکہ اس کا فوکس صحت اور تعلیم پر ہے۔ انھوں نے بتایا کہ حکومت نے فری دوائیوں کا بجٹ پہلے ہی دے دیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مریم نواز شریف کی زیر قیادت پنجاب میں گڈ گورننس اور ڈویلپمنٹ نظر آئے گی جو کرپشن سے پاک ہو گی۔ آج دو اجلاسوں میں گھی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو کمی کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ چکن کی اوپن مارکیٹ میں 10 روپے جبکہ رمضان بازار میں 25 روپے کم کروائی گئی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹور کا بجٹ ڈبل کر دیا گیا ہے جبکہ موبائل یوٹیلیٹی سٹور ز پربھی شروع کر دی گئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز کی زیر نگرانی سبزی وفروٹ منڈی میں روزانہ کی بنیاد پر نیلامی کروائی جاتی ہے۔ پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔ حکومت اگلے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگا رہی۔ وزیراعلی کی واضح ہدایات کے مطابق صفائی مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت ایک ماہ کے دوران پنجاب کے تمام گلی محلوں سے کوڑا کرکٹ اور گند صاف کرنے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاح الرحمن نے اپنے آفس میں کھلی کچہری میں لوگوں کے مسائل سنے اور انہیں حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close