اسلام آباد(پی این آئی)عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق منگل کے روز مشرق وسطیٰ میں جغرافیائی سیاسی تناؤ کے باعث تشویش بڑھنے سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔مئی کی ڈیلیوری کے لیے برینٹ فیوچر 37 سینٹ یا 0.4 فیصد اضافے کے ساتھ 82.58 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل کا معاہدہ 27 سینٹ یا 0.3 فیصد بڑھ کر 78.20 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔یاد رہے کہ امریکی اور برطانوی اتحاد نے پیر کے روز مغربی یمن کے بندرگاہی شہروں اور چھوٹے قصبوں کو نشانہ بنایا ہے جبکہ حوثیوں نے منگل کو کہا کہ انہوں نے بحیرہ احمر میں امریکی جہاز کو میزائلوں سے ٹارگٹ کیا۔
واضح رہے کہ ماہرین کے مطابق بڑھتی ہوئی نان اوپیک سپلائی نے اس وقت تیل کی قیمتوں میں تیزی کے لیے مارکیٹ کے لیے بہت کم گنجائش چھوڑی ہے۔بین الاقوامی توانائی ایجنسی ( آئی ای اے ) کو توقع ہے کہ تیل کی سپلائی تقریباً 103.8 ملین بیرل یومیہ کی بلند ترین سطح تک بڑھے گی۔ خیال رہے کہ پاکستان میں اوگرا ہر پندرہ دن بعد تیل کی قیمتوں میں ردوبدل کے حوالے سے جائزہ لیتا ہے۔یکم مارچ کو بھی پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ہوا تھا۔عالمی مارکیٹ میں یہی صورتحال رہی تو پاکستان میں بھی ایک بار پھر تیل مہنگا ہونے کا امکان ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں