لاہور ( پی این آئی)ماہ رمضان کی آمد پر مہنگائی کے طوفان نے عوام کی چیخیں نکال دیں، کھانے پینے کی اشیاء 200 فیصد سے بھی زائد مہنگی ہو گئیں، سبزیاں اور فروٹ غریب عوام کی پہنچ سے دور ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق رمضان کی آمد پر مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آگیا،اشیائے خورد و نوش کے ریٹ دوگنا سے بھی بڑھ گئے،کھانے پینے والی تمام اشیا کے دام کئی گنا زیادہ ہو گئے،سبزی اور فروٹ بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوگیا۔منافع خوربے لگام ہوگئے ، جس کے باعث عوام پریشان ہیں کہ روزہ افطار کیسے کریں گے۔پھل اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں اور گوشت کی قیمتیں بھی قابو سے باہر ہوگئیں۔کراچی میں پیازکی قیمت دوسو پچاس روپے فی کلو تک پہنچ
گئی جبکہ ادرک پانچ سواورلہسن چھ سو پچاس میں فروخت ہورہا ہے، ہری مرچ تین سو پچاس روپے کلو مل رہی ہے اور بھنڈیوں نے ٹرپل سنچری عبورکرلی ہے۔
مہنگائی اور گراں فروشوں کے خلاف کارروائی نہ ہونے کے برابر ہے، شہریوں نے کہاکہ نگران حکومت نے بجلی اور گیس کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ کر کے ان کی زندگی اجیرن کیے رکھی اب منتخب حکومت کے دور کے میں ہی مہنگائی کے نئے طوفان نے دہری اذیت کا شکار کر دیا ہے۔عوام نے شکوہ کیا کہ ناجائز منافع خور بے لگام ہو گئے ہیں، اور من مانے ریٹ وصول کر رہے ہیں اور مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات نظر نہیں آتے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں