بیرون ملک پاکستانیوں کا اعتماد کم ہوگیا؟ ترسیلاتِ زر میں بڑی کمی کا انکشاف

لاہور (پی این آئی) بیرون ملک پاکستانیوں نے رقوم بھیجنا مزید کم کر دیں، ترسیلات زر میں 6 فیصد سے زائد کمی ہو جانے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ترسیلات زر میں نمایاں کمی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

 

 

فروری 2024 میں اوورسیز کی ترسیلاتِ زر کی مد میں 2.2 ارب ڈالر کی رقم پاکستان آئیں۔ اسٹیٹ بینک پاکستان سے جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق نمو کے لحاظ سے فروری 2024 کے دوران ترسیلاتِ زر میں ماہ بماہ بنیاد پر 6.2فیصد کمی اور سال بسال بنیاد پر 13فیصد اضافہ ہوا۔ مالی سال 24 کے پہلے آٹھ مہینوں کے دوران کارکنوں کی ترسیلاتِ زر کی مد میں 18.1ارب ڈالر کی رقم آئی۔فروری 2024 کے دوران ترسیلاتِ زر زیادہ تر سعودی عرب 539.8ملین ڈالر، متحدہ عرب امارات 384.7ملین ڈالر، برطانیہ 346.0ملین ڈالر اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ سے287.4ملین ڈالر موصول ہوئیں۔ جبکہ فروری 2024 کے ملکی ایکسپورٹس کے حجم میں بھی کمی ہوئی۔ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رکدہ ماہ فروری 2024 کے تجارتی اعداد و شمار کے مطابق ملکی ایکسپورٹس میں گزشتہ ماہ کمی دیکھنے میں آئی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق فروری 2024ء میں ایکسپورٹس کا حجم 2 ارب 57 کروڑ ڈالرز رہا، گزشتہ سال کے اسی ماہ یعنی فروری 2023 میں ایک ارب 98 کروڑ ڈالرز کی ایکسپورٹس کی گئی تھیں۔

 

 

فروری 2024 میں فروری 2023 کے مقابلے میں تو ایکسپورٹس میں نمایاں اضافہ ہوا، تاہم جنوری 2024 کے مقابلے میں فروری 2024 میں ایکسپورٹس کا حجم کم رہا۔ دستاویزات کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر فروری 2024 میں ایکسپورٹس میں 7.84 فیصد کمی ہوئی، جبکہ جولائی سے فروری 2024 تک برآمدات میں 9 فیصد اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق مالی سال کے 8 ماہ میں ایکسپورٹس کا حجم 20 ارب 35 کروڑ ڈالر رہا، گزشتہ برس اسی عرصے میں ایکسپورٹس کا حجم 18 ارب 67 کروڑ ڈالر تھا۔ ادارہ شماریات کے مطابق فروری 2024 میں ماہانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں کمی ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 8 ماہ میں درآمدات میں 11.87 فیصد کمی ہوئی، جولائی سے فروری 2024 تک درآمدات کا حجم 35 ارب 22 کروڑ ڈالر رہا، 8 ماہ میں تجارتی خسارے میں 30.1 فیصد کمی ہوئی، جولائی سے فروری تک تجارتی خسارہ 21 ارب 29 کروڑ ڈالر رہا۔ دستاویز کے مطابق فروری 2024 میں ماہانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 18.2 فیصد کمی آئی۔ ماہانہ بنیادوں پر درآمدات 10.19 فیصد کم ہوئیں، دستاویز کے مطابق فروری میں درآمدات کا حجم 4 ارب 28 کروڑ ڈالر رہا، فروری میں تجارتی خسارہ ایک ارب 71 کروڑ ڈالر رہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں