عوا م کیلئے بُری خبر، ایل پی جی قیمتوں میں یکدم بڑا اضافہ

لاہور (پی این آئی) ایل پی جی کی قیمت میں یکدم بڑا اضافہ کر دیا گیا، سرکاری قیمت کے اعلان کے 3 روز بعد ہی نجی طور پر ایل پی جی مہنگی کر دی گئی۔

 

 

تفصیلات کے مطابق ملک میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل مہنگائی کے طوفان نے مزید شدت اختیار کر لی ہے۔ جہاں دیگر کئی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں خود ساختہ ہوشربا اضافہ کر دیا گیا، وہیں ایل پی جی بھی مزید مہنگی کر دی گئی۔ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کے سرکاری اعلامیہ کے 3 دن بعد ہی پھر اضافہ کردیا گیا ہے۔ چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کے مطابق ایل پی جی کی سرکاری قیمت 257 روپے ہے مگر اسے 277 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ مافیا نے سرکاری قیمت کے اعلامیہ 3 دن بعد ہی ایل پی جی کی قیمتوں میں 20 روپے کا اضافہ کردیا ہے۔

 

 

قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر 240 روپے اور کمرشل سلنڈر 910 روپے مہنگا ہوگیا۔عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ سوئی گیس پہلے ہی عوام کی پہنچ سے دور ہے اور اس پر رہی سہی کسر ایل پی جی مافیا نے پوری کر دی ہے۔ اوگرا فوری طور پر گیس مافیا کے خلاف کارروائی کرے۔ واضح رہے کہ تین روز قبل ہی مارچ کے لیے ایل پی جی کی قیمتوں میں 80 پیسے فی کلو اور 10 روپے فی گھریلو سلنڈر کمی کی گئی تھی، اس حوالے سے اوگرا نے نوٹی فکیشن بھی جاری کیا تھا، جس کے مطابق گھریلو سلنڈر 10روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت 37روپے کمی ہوئی تھی۔

 

 

تاہم اب کئی شہروں میں ایل پی جی 300 روپے سے بھی زائد قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب گھروں، ہوٹلوں اور تندوروں کیلئے قدرتی گیس مہنگی کیے جانے کے بھی تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چند ماہ کے دوران گیس کی قیمتوں میں مجموعی پر 1100 فیصد سے زائد اضافہ کیا جا چکا۔ اس اضافے سے وہ صارفین جنہیں کم گیس استعمال کرنے پر ماہانہ صرف چند سو روپے کا گیس کا بل موصول ہوتا تھا، اب ان صارفین کو ہزاروں روپے کے بل موصول ہو رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں