لاہور (پی این آئی) مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے بری خبر آ گئی،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے اور امپورٹ پریمیم بڑھنے کے باعث اگلے 15 دن کیلئے پٹرول کی قیمت میں بڑے اضافے کا امکان ہے۔
عالمی منڈی کے زیراثر پاکستان میں یکم فروری سے اگلے پندرہ روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9 روپے فی لیٹر تک اضافہ کیا جاسکتا ہے ،مارکیٹ ذرائع کے اعداد وشمار کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی عالمی منڈیوں میں قیمتیں گزشتہ 15 دن کے دوران بڑھی ہیں، اس کے علاوہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو امپورٹ پریمیم کی مد میں بھی زائد ادائیگی کرنی پڑی ہے جس کی وجہ سےڈیزل کی قیمت میں 4 تا 6 روپے فی لیٹر اور پیٹرول 6.5 تا 9 روپے مہنگا ہو جائے گا تاہم مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت 3 ڈالر بڑھ کر 83 ڈالر سے 86.5 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
اسی طرح ڈیزل 2 ڈالر مہنگا ہو کر 95.6 ڈالر سے 97.5 ڈالر فی بیرل ہوگیا، اس کے برعکس امریکی کرنسی کے مقابلے میں روپے کی قدر تقریباً ایک روپے 50 پیسے بڑھی، اور جنوری کے نصف تک 281 کے برعکس 280 روپے پر آگئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس او کی جانب سے کارگو کے پریمیم میں 2 ڈالر کا اضافہ ہوا، پیٹرول کیلئے 4.2 ڈالر سے بڑھ کر 6.5 ڈالر فی بیرل اور ڈیزل کیلئے 7.5 ڈالر سے بڑھ کر 9.5 ڈالر فی بیرل ہوگیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں